منیلا،2جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)فلپائن میں گذشتہ روز دارالحکومت منیلا کے ہوائی اڈے کے قریب ایک سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سعودی عرب کی حکومت نے منیلا میں موجود اپنے شہریوں کو سفر میں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ منیلا میں قائم سعودی سفارت خانے کی طرف سے وہاں پرمقیم سعودی شہریوں کے لیے جاری کردہ ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ سیاحتی مقام پر فائرنگ اور دھماکے کے بعد شہری سفر میں احتیاط برتیں۔سفارت خانے کی طرف سے ہنگامی رابطے کے لیے فون نمبر بھی جاری کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں سعودی شہریوں کی مدد کی جاسکے۔
خیال رہے کہ گذشتہ رروز منیلا میں ایک سیاحتی مقام پر فائرنگ اور دھماکوں کے واقعے کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے تھے۔ فلپائنی ذرائع ابلاغ کیمطابق دارالحکومت منیلا میں واقع بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب جمعہ کے روز نامعلوم افراد کی طرف سے فائرنگ اور بم دھماکہ کیا گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا تھا۔غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق منیلا میں حالات قابو میں ہیں اور پولیس نے اہم مقامات کی سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔ سیاحتی مقام پرموجود سیاحوں اور ملازمین کو وہاں سے نکال لیا گیا ہے۔